بنگلورو،7؍جنوری(ایس او نیوز) لوک آیکتہ وظیفہ یاب جسٹس وشواناتھ شٹی نے کہاکہ رشوت خوری اور بدعنوانیوں کے معاملات میں عدالت کے سامنے جھوٹی گواہی دینے والے افراد کو سزا دلانے کے لئے لوک آیکتہ پولیس دلچسپی دکھانی چاہئے۔ لوک آیکتہ دفتر میں منعقد لوک آیکتہ پولیس کے لئے منعقد تربیتی پروگرام کا افتتاح کرنے کے بعد اپنے خطاب میں کہاکہ رشوت خوری کے معاملات میں شکایات درج کرنے والے افراد دباؤ میں آکر عدالتی کارروائی کے دوران غائب ہونے لگے ہیں۔ ایسے موقع پر جن افراد کے خلاف معاملات درج ہیں وہ جھوٹے گواہوں کا سہارا لے کر اس سے فائدہ حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے لوک آیکتہ پولیس کو مشورہ دیا کہ وہ ایسے افراد کی نشاندہی کرکے جھوٹی گواہی دینے والے افراد کو سزا دلانے میں اپنی دلچسپی دکھائیں۔ انہوں نے کہاکہ ایک طرف رشوت خوری کو ختم کرنے کی کوشش کی جائے تو دوسری جانب حکومت کی اسکیموں اور سہولتوں کا فائدہ حاصل کرنے والوں تک بروقت معلومات بہم پہنچائے جائیں تو رشوت خوری اور بدعنوانیوں کے معاملات میں کمی لائی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ رشوت خوری کے معاملات میں ایف آئی آر داخل کرتے وقت ایف ایس ایل رپورٹ بھی پیش کرنی چاہئے۔ تبھی معاملہ مضبوط ہوگا۔ اس موقع پر وظیفہ یاب جگناتھ شٹی نے کہاکہ ایف ایس ایل کے لئے تربیت یافتہ پولیس اہلکاروں کا تقرر کرکے جو کمی محسوس کی جارہی ہے اس کو دور کی جاسکتی ہے۔ تکنیکل تربیت حاصل کئے پولیس اہلکاروں کی تقرری کے لئے انہوں نے مشورہ دیا اور کہاکہ اگر ایسا ہوا تو محکمہ کی تمام بدعنوانیوں پر لگام لگ سکے گی۔